متحدہ عرب امارات: بیوی کو قتل کرنے کے جرم میں برطانوی صحافی کو 10سال قید کی سزا
متحدہ عرب امارات میں ایک برطانوی اخبار کے مدیر فرانسِس میتھیوکو اپنی بیوی کو ہتھوڑے سے وار کر کے ہلاک کرنے کے جرم میں 10 برس قید کی سزا سنا دی گئی۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق فرانسِس میتھیو سزا سنائے جانے کے وقت دبئی کے کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے۔ انگریزی اخبار گلف نیوز کے سابقہ ایڈیٹر کو جولائی 2017 میں بیوی کو ہلاک کرنے کے الزام کے تحت موت کی سزا سنائی جا سکتی تھی، تاہم جج فہد الشمسی نے اسے دس برس قید کی سزا سنائی۔میتھیو کی مقتولہ اہلیہ 62 سالہ جین میتھیو کے بھائی سزا سنانے کے وقت کمرہ عدالت میں موجود تھے، تاہم انہوں نے صحافیوں سے بات چیت سے احتراز کیا۔ میتھیو کے وکیل نے بھی اس فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔پولیس کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں فرانسِس میتھیو نے جھگڑے کے دوران ہتھوڑا اپنی بیوی سے سر پر دو مرتبہ مارا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئی۔