لورالائی: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4دہشتگرد ہلاک، 4 اہلکار زخمی

لورالائی میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 4 خود کش حملہ آور ہلاک جبکہ 4 اہلکار بھی زخمی ہو گئے ۔اے ایس پی لورالائی عطاالرحمان کے مطابق لورالائی میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سکیورٹی فورسز نے صبح 5بجے انٹیلی جنس آپریشن کرتے ہوئے ناصر آباد میں علاقہ کو گھیرے میں لینے کے بعد ایک مکان پر چھاپہ مارا ،دہشت گردوں نے آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔سکیورٹی اہلکاروں سے مقابلے کے بعد مکان میں موجود دہشت گردوں نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں مکان میں موجود خاتون سمیت چاروں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔اے ایس آئی عطاالرحمان کے مطابق خودکش دھماکہ میں ساتھ واقع گھر کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 4 اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا۔دہشت گردوں کے خلاف ہونے والے آپریشن میں سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔