فلسطینی اسیران نے اسرائیلی ریاست کیخلاف نئی تحریک کا آغاز کر دیا

اسرائیلی ریاست، فوج اور جیلروں کی جانب سے فلسطینی اسیران پر مسلط کی گئی نئی جارحیت کے خلاف اسیران نے نئی احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران نے''ہڈ توڑ'' معرکے کا اعلان کرتے ہوئے صہیونی ریاست کی مجرمانہ جنگ کا بھرپور مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔فلسطینی اسیران کی نمائندہ تحریک نے اپنی تمام کمیٹیاں تحلیل کرتے ہوئے ہر اسیر کو اپنے طور پر آزادانہ صہیونی ریاست کے خلاف اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کی اجازت دی ۔تحریک اسیران نے بتایا کہ ''الکرامہ2'' تحریک اسرائیلی جیلوں کے دروازوں پر دستک دے رہی ہے۔ تحریک کی طرف سے خبردار کیا گیا کہ اسیران کو گرفتار کرنا یا ان کے خلاف کوئی بھی دوسرا حربہ استعمال کرنے کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعا ئد ہوگی۔ اسیران نے 2017 کی تحریک کی طرز پر بھوک ہڑتال کی بھی تیاریاں شروع کردیں ۔اسیران کی طرف سے یہ تحریک اسرائیلی ریاست کے مظالم اور جیلوں میں کینسر کا باعث بننے والے آلات لگانے، ٹی وی اور ریڈیو پر پابندی کے خلاف شروع کی گئی ۔اس کے علاوہ اسیران اس وقت جزیرہ نما النقب جیل میں قیدیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد اور 25 اسیران کے زخمی ہونے کے بعد سخت غم وغصے میں ہیں۔ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق النقب جیل میں اسیران نے چاقو کا حملہ کر کے دو صہیونی فوجیوں کو زخمی کر دیا۔