نواز شریف کو ضمانت مل گئی ، سزا معطل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیاد پر 6 ہفتوں کے لیے درخواست ضمانت منظور کرلی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کهوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی جس کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب مظفر عباسی نے درخواست کی کھل کر مخالفت کی جب کہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ضمانت کے حق میں دلائل مکمل کیے۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ججز نے مشاورت کی اور چیف جسٹس نے فیصلہ تحریر کیا اور کہا کہ کچھ دیر کے وقفے کے بعد دوبارہ آکر فیصلہ سنائیں گے۔ سماعت کے دوران بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وکیل خواجہ حارث کو کہا 'آپ نواز شریف کے علاج کے لیے ضمانت چاہتے ہیں، ہم پاکستان میں کسی بھی اسپتال میں ان کے علاج کا حکم جاری کردیتے ہیں'۔