اوبر کا 4 کھرب 35 ارب روپے میں کریم کو خریدنے کا باضابطہ اعلان

دنیا بھر کے مختلف ممالک میں آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی اوبر نے باضابطہ طور پر مراکش سے پاکستان تک کریم کمپنی کا کاروبار حاصل کرنے کا اعلان کردیا۔
اوبر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ اوبر اور کریم 3 ارب 10 کروڑ ڈالر (تقریباً 4 کھرب 35 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کے معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، جس کے تحت ایک ارب 40 کروڑ ڈالر نقد جبکہ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر شیئرز کی صورت میں ادا کیے جائیں گے اور یہ ٹرانزیکشن آئندہ سال 2020 کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی اوبر اپنی مشرق وسطیٰ کی حریف سمجھے جانے والی کریم کے مراکش سے پاکستان تک پھیلے بڑے متحرک، ترسیل اور ادائیگی کے کاروبار کو حاصل کرے گی۔خیال رہے کہ کریم کی بڑی مارکیٹوں میں مصر، اردن، پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔