مشکل گھڑی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، شہباز شریف
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور کامیاب ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا،جس میں پارٹی کی سینیئر قیادت نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ نون لیگ پر سب سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم پاکستان کی خالق جماعت کے وارث ہیں،ہم قائد اعظم کے سپاہی ہیں،ہم نےارض وطن کیلئے ہمیشہ اپنا تن، من، دھن لگایا ہے،ہرقربانی دی ہے۔ اپنی ویڈیو لنک تقریر میں انہوں نے کہا کہ انشااللہ آزمائش کی اس گھڑی میں بھی ہم کامیاب ہوں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اجلاس کے شرکا کو شہباز شریف نے آگاہ کیا کہ نون لیگ نے باہمی مشاورت،غوروخوض، مختلف ماہرینکی تجاویز اوراپنے تجربے کی روشنی میں ایک جامع قومی حکمت عملی مرتب کی ہے،ہم نے کورونا اور معیشت سے ہونے والی تباہی کی سونامی کے آگے بند باندھنے کیلئے ٹھوس،قابل عمل اور جامع نیشنل ایکشن پلان دیا ہے