کرونا وائرس کا خطرہ:لندن کے سٹی ائیرپورٹ سے پروازوں کی آمدورفت معطل
برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے سٹی ائیرپورٹ سے اپریل کے آخر تک تمام پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی گئی ہے۔یہ فیصلہ مہلک وائرس کرونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ لندن کا یہ ہوائی اڈا شہر کے کاروباری مرکز کے نزدیک واقع ہے۔سٹی ائیرپورٹ کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم نے تمام تجارتی اور پرائیویٹ پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا مشکل، مگر ناگزیر فیصلہ کیا ہے۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’’اس فیصلے پر بدھ کی شب سے عمل درآمد کا آغاز ہورہا ہے اور اپریل کے آخر تک پروازوں کی آمدورفت معطل رہے گی۔ہم اس دوران میں صورت حال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔‘‘
لندن سٹی ائیرپورٹ کے ذریعے ہرسال پچاس لاکھ سے زیادہ مسافر سفر کرتے ہیں۔ان میں زیادہ تر یورپی شہری اور کاروباری حضرات شامل ہیں جو لندن کاروبار کے سلسلے میں آتے جاتے رہتے ہیں۔