پی ٹی آئی کی آشیرباد: صاحبزادہ سعید بیک وقت 5 عہدوں پر تعینات
خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے نیب زدہ افسر پر نوازشات کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں بیک وقت پانچ عہدوں پر تعینات کردیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب زدہ افسر چیئرمین بورڈ آف گورنرز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس صاحبزادہ سعید بیک وقت پانچ عہدوں پر تعینات ہیں، وہ اسٹریٹجک سپورٹ یونٹ وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سربراہ ہے۔اس کے علاوہ صاحبزادہ سعید پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ کے چیئرمین بھی ہیں، یہی نہیں بلکہ وہ پی ٹی آئی حکومت کی مہربانی کے باعث اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی بورڈ کے رکن بھی ہیں، اس کے علاوہ صاحبزادہ سعید اوور سیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کے بورڈ آف گورنر کے رکن بھی ہیں۔واضح رہے کہ ان پر نیب میں 75 ملین روپے سے زائد کی کرپشن کا کیس بھی چل رہا ہے۔ دوسری جانب صاحبزادہ سعید نے انوکھی منطق اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود سے عہدے نہیں رکھے،حکومت کا مجھ پر بھروسہ ہے۔