نقل و حمل پر پابندی نہ ہونے سے سندھ میں گندم مہنگی ہوگئی
کراچی: سندھ سے گندم کی نقل وحمل پر پابندی نہ ہونے کے باعث ایک ہفتے میں 100کلوگرام گندم کی قیمت میں مزید 100روپے کا اضافہ ہوگیاہے جس کے نتیجے میں فی بوری گندم کی قیمت 3350روپے سے بڑھکر 3450 روپے ہوگئی۔ پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین جاوید یوسف نے ایکسپریس کو بتایا کہ وزارت خوراک سندھ کی مستقل عدم دلچسپی کی وجہ سے اب تک سندھ سے مجموعی طورپر3لاکھ ٹن گندم پنجاب منتقل ہوچکی ہے جو صوبے میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ اس سے سندھ کی فلورملوں کی پیداواری لاگت بھی بڑھتی جارہی ہے لیکن ماہ رمضان المبارک کی وجہ سے فلور ملوں کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں مزید کوئی اضافی نہیں کیاگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو اس ضمن 3 خطوط ارسال کیے گئے ہیں لیکن یہ محسوس ہورہاہے کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبے میں گندم وآٹے کے بحران پر اسوقت روایتی نوٹس لیں گے جب پانی سر سے اونچا ہوجائے گا۔