وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھ گئے
وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھ گئے ،مساجد کی سیکورٹی بڑھادی گئی ۔اعتکاف عید کا چاندنظر آنے تک جاری رہے گا۔
اعتکاف سے مقصود لیل القدر کو پانا ہے جس کی فضیلت ہزار مہینوں سے زیادہ ہے، رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنا اللہ پاک کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ علماء کرام نے کہا ہے کہ ان مبارک گھڑیوں میں زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہنا چاہیے۔
معتکفین کیلئے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں قدر والی رات تلاش کرنے کا سنہری موقع ہے،،نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے خود بھی اعتکاف فرمایا اور صحابہ کرام کوبھی اعتکاف کا حکم دیا۔ملک بھر کی طرح اسلام آباد کی سینکڑوں مساجد میں ہزاروں افراد سنت اعتکاف کی نیت سے اعتکاف بیٹھ گئے۔
سنت اعتکاف 20رمضان غروب آفتاب سے شروع ہوکر عیدکاچاند دیکھ کرختم ہوگا۔ اعتکاف کرنے والوں کااسلام آبادمیں سب سے بڑااجتماع دارالعلوم زکریاترنول میں ہورہاہے جہاںدوہزار آٹھ سوسے زاہد لوگوں کا سنت اعتکاف کی نیت سے مسجد میں قیام ہے۔
اسلام آبادمیں اعتکاف کادوسرابڑااجتماع شاہ فیصل مسجد اسلام آبادمیں ہے جہاں ساڑھے پانچ سو سے زائد اسی طرح مرکزی جامع مسجد لال میں کم بیش ڈیڑھ سو افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔
معتکفین کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت امسال زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن میں نوجوان طبقہ سرفہرست ہے مساجد میں طاق راتوں میں لیلة القدر کی تلاش کے لیے بھی معتکفین کو موقع و ماحول فراہم کیا جاتا ہے مساجد میں معتکفین کی دینی رہنمائی کے لیے جید علماء کرام کے علمی و اصلاحی دروس کا شیڈول بھی مرتب کیا گیا ہے ۔
معتکفین علماء کرام کی نگرانی میں اپنے شب و روز بسر کرتے ہیں اور اللہ کی عبادت میں مصروف رہ کر ملکی سلامتی اوراستحکام کیلئے دعائیں کی جاتی ہیں