فواد چوہدری قمری کلینڈر میدان میں لے آئے، اگلے 5 سال کی عیدوں کا اعلان بھی کر دیا
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔
چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مختلف محکموں نے مل کر چاند دیکھنے کی پہلی ویب سائٹ بنا دی ہے اور میری ذاتی رائے ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے لیے کیلنڈر ترتیب دے دیا ہے اور رواں برس عید الفطر 5 جون کو منائی جائے گی۔ انہوں نے اگلے سال تک کے لیے عیدوں کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 سالہ قمری کلینڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل اب تک ہمارے کام سے مطمئن ہے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی دعوت دی ہے۔