شہباز شریف کی واپسی کا وقت قریب آتے ہی حکومت کا خوف بڑھتا جارہا ہے،رانا ثنااللہ
مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے واپس آنے کا وقت جیسے جیسے قریب آ رہا ہے حکومت کا خوف بھی بڑھتا جا رہا ہے۔شہباز شریف سے متعلق معاون خصوصی فردوس عاشق ایوان کے بیان پر اپنے ردِعمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فردوس باجی آپ شہباز شریف اور نوازشریف کی چوکیدار ہیں یا پاکستان کی وزیرِ اطلاعات ،فردوس باجی سرکاری بسوں اوردوائیوں کی کرپشن کا جواب نہیں آیا نہ ہی عدالت کا کوئی نوٹس آیا ،شہبازشریف کے واپس آنے کاجیسے جیسے وقت قریب آ رہا ہے آپ کا خوف بڑھتا جا رہا ہے، شہباز شریف کا نہیں اب آپ سب کے بھاگنے کا وقت قریب آ رہا ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ فردوس باجی آپ عمران صاحب کی نوکری نہیں عوام کا خیال کریں، آج غریب کو لائن میں کھڑے ہو کر ایک کلو سبزی اور پھل خریدنا پڑتا ہے، ڈالر 152روپے کا ہو گیا ہے، گیس 125فیصد مہنگی ہو گئی، بجلی 25فیصد مہنگی ہو گئی، 9ماہ میں ملکی قرضہ 5ہزار ارب بڑھ گیا، 9ماہ میں 50لاکھ میں سے کاغذ پر بھی ایک گھر نہ بن سکا، حکومت کو ایک کروڑ نوکریاں دینا تھیں لیکن 20لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے اور آپ کو شہبازشریف کی پڑی ہے۔