احساس کفالت پروگرام سے مستفید ہونیوالوں میں12 ہزار روپے فی کس تقسیم کرنے کی منظوری
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے احساس کفالت پروگرام سے مستفید ہونے والے اسی لاکھ افراد میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت اس سال جون تک فی کس بارہ ہزار روپے دینے کی منظوری دی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بدھ کے روز اسلام آباد میں وزیر خزانہ شوکت ترین کے زیرصدارت اجلاس میں منظوری دی کہ جاری قومی سماجی اقتصادی رجسٹری سروے کے ذریعے مزید چالیس لاکھ افراد کی نشاندہی کی جائے گی جو اس پروگرام سے مستفید ہونگے۔ان تمام افراد میں سے ہر ایک کو اس سال جنوری سے جون تک کے عرصے کیلئے بارہ ہزار روپے کے حساب سے چھ ماہ کی اقساط دی جائیں گی۔اضافی چالیس لاکھ مستحقین میں سے بھی ہر ایک کو کورونا وائرس کے باعث ہونیوالی بیروزگاری کے ازالے کیلئے ایک بار کی 12 ہزار روپے کی ہنگامی نقد امداد فراہم کی جائے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف منصوبوں کیلئے سات ارب روپے مالیت سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔