اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل ہوگا۔ مصدق ملک
وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے رعایتی قیمت پر تیل مل رہا ہے، اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل ہو گا ، گیس پر 1700 ارب روپے کا گردشی قرضہ تھا، ہم نے اس گردشی قرضے کو صفر کر دیا، ایل این جی پر بھی گردشی قرضے کو صفر کر دیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ مصدق ملک نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار 2 روسی وزیر 86 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے، روس سے رعایتی قیمت پر تیل مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں، حالات کو بہتر کرنے کے لئے مشکل فیصلے کئے جا رہے ہیں، آگے بڑھنے کے لیے ہمیں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو پروموٹ کرنا ہے۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ بجٹ میں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو سہولتیں دینے پر غور کر رہے ہیں، ہم نے تاپی گیس منصوبے سے سستی گیس لانی ہے، اس پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ آٹو موٹو پالیسی کو بنائے کئی سال ہو چکے، آج تک ہم ایک انڈیکیٹر کا کور نہیں ایکسپورٹ کر سکے، میرے خیال میں ہماری آٹو موٹو پالیسی بہتر نہیں۔ وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے 190 ملین پائونڈز سپریم کورٹ کے اکائونٹ میں ڈلوا دیئے، یہ 190 ملین پائونڈز پاکستان کے اکائونٹ میں آنے تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ آئین سے ماورا اور قانون سے بالا تر کچھ نہیں ہونا چاہیے، 9 مئی کی وڈیو کے ذریعے لوگوں کو شناخت کر کے پکڑا جا رہا ہے، نادرا سے تصدیق کے بعد لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے درمیان تنازعات کو تھمنا ہو گا، رکنا ہو گا، ایسے تو کریانہ کی دکان نہیں چلتی، آپ ملک کیسے چلا سکتے ہیں؟۔