صدرزرداری نےچیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط لکھا ہے جس میں بھٹو ریفرنس کی سماعت جلد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جون دو ہزار گیارہ کے بعد سے ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت نہیں کی گئی حالانکہ وفاق کے وکیل بابر اعوان اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں، اب عدالتی معاونین کی بحث باقی ہے۔ چونکہ اس ریفرنس میں عوامی دلچسپی بہت زیادہ ہے اس لئے اس کیس کی سماعت جلد از جلد مکمل کی جائے ۔ذرائع کے مطابق یہ خط گزشتہ رات ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی صدارت میں ہونے والی پیپلز پارٹی کے اجلاس میں تیار کیا گیا تھا جس کی عبارت سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے تحریر کی ہے۔