نیٹو نے پاکستان کی سالمیت پرحملہ کیا، اپنی خود مختاری پر حملے کی اجازت کسی کو نہیں دینگے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
سرکٹ ہاؤس ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا پاکستان ہے، ہمیں اس کا دفاع کرنا ہے، نیٹو نے ہماری ملکی سلامتی پرحملہ کیا، اس حوالے سے سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، اختلاف اپنی جگہ مگر جب پاکستان کا مسئلہ آئیگا تو پوری قوم اور سیاسی جماعتیں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈیفنس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کیساتھ ہمیشہ ناانصافی کی گئی ہے اور امتیازی سلوک روا رکھا گیا۔ تاہم جنوبی پنجاب سمیت پسماندہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کا عزم ہے۔