پاناما لیکس پرعدالتی فیصلہ تاریخ ساز ہوگا، حکومت کے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ جائے گا : عمران خان

بنی گالہ میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ثبوت دینا اُن کا کام نہیں بلکہ تحقیقات کرنا کمیشن کا کام ہے،تاہم برطانیہ سے کچھ اہم چیزیں ملی ہیں جس سے پاناما کیس مزید مضبوط ہو جائے گا ، انہوں نے کہا کہ پاناما کیس شریف فیملی کی ذاتی کرپشن کاکیس ہے، نواز شریف کی وجہ سے باقی لوگ بچ رہے ہیں،انہوں نے عدالت میں صرف یہ ثابت کرنا ہے کہ شریف فیملی جھوٹ بول رہی ہے،عمران خان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ادارے آزاد نہیں ہیں ادارے تباہ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے،جبکہ جمہوریت تباہ ہو تو ملک کا مستقبل تباہ ہو جاتا ہے،کپتان نے کہا کہ ان کے اثاثے ظاہر ہیں،پاناما لیکس میں اُن کا نام ہی نہیں تھا لیکن ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کو اُن کے پیچھے لگا دیا گیا،عمران خان کا کہنا تھا کہ کچھ بھی ہو وہ پاناما لیک کیس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔