پنجاب کی 90 فیصد شہری آبادی 50 بڑے شہروں میں رہائش پذیر ہے۔ ادارہ برائے شماریات
پنجاب کی شہری آبادی میں سالانہ 4 فیصد کااضافہ ہو رہا ہے۔ شہری آبادی میں اضافہ ایک طرف معاشی ترقی کی عکاسی کرتا ہے تو دوسری جانب مربوط انتظامی حکمت عملی کی خامیوں سے غربت، بیماریوں اور جرائم کی شرح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق صوبہ پنجاب کے مجموعی طور پر 191 شہر ہیں۔ صوبے کی نوے فیصد شہری آبادی 50 بڑے شہروں میں رہائش پذیر ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ کے صرف6 بڑے شہروں میں شہری آبادی کا 60 فیصد حصہ رہائش پذیر ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں وسائل آمدن کی کمی، صحت و تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کے فقدان کے باعث شہری آبادیوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہری آبادیوں کا پھیلاﺅکسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا عکاس ہوتا ہے تاہم شہروں میں رہائش پذیر افراد کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ ناقص انتظامی حکمت عملی سے شہری آبادیوں میں غربت، بیماریوں اور جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیہات سے شہروں کی جانب سے منتقلی کی شرح پر کنٹرول کرنے کے لئے دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے جس کے شہروں کو تیز رفتار پھیلاﺅ پر قابو پایا جا سکے گا۔