وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی بھارتی فوج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے واقعات کی مذمت
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور پے درپے مظالم کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے کشمیریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور موجودہ حالات کے تناظر میں عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں۔بھارت کو ہٹ دھرمی کا رویہ چھوڑ کر مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہو ں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد اپنے لہو سے رقم کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔