بزدار حکومت کے 16 ماہ: ایک افسر کا کئی بار تبادلہ
پنجاب میں بزدار حکومت نے منفرد ریکارڈ بنا دیا، جس کے تحت 16 ماہ میں 266 افسروں کے تبادلے کئے گئے، ایک افسر کا کئی کئی بار بھی تبادلہ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے پالیسی بنائی تھی کہ ایک عہدے پر کم از کم ایک سال تک افسر تعینات رہے گا تاہم بزدار حکومت اپنی پالیسی کے برعکس اقدامات کرتی رہی۔ اب ایک بار پھر صوبے میں تبدیلیوں کی خبر پر کام تقریباً ٹھپ ہو کر رہ گیا اور محکموں میں تقریبا 8 اہم اجلاس بھی ملتوی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو نیا چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار کی ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جبکہ دیگر عہدوں پربھی اکھاڑ پچھاڑ کیلئے فہرست تیارکرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے متعدد افسروں کے پنجاب سے تبادلے کر دیئے جائیں گے، وفاق اور دیگر صوبوں سے افسروں کی خدمات پنجاب میں دی جائیں گی۔