مشیر خزانہ شوکت ترین نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے پہلے پروفیشنل کلیئرنگ ممبر کا باضابطہ افتتاح کردیا
وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے پہلے پروفیشنل کلیئرنگ میمبر کا باضابطہ افتتاح کردیا۔سی ڈی سی ہائوس میں جمعہ کو منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ کاروبار کو آسان بنانا اور کاروبار کرنے میں زیادہ سے زیادہ آسان ماحول کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پروفیشنل کلیئرنگ ممبر کا یہ اقدام سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمپنیز (ایس ای سی پی)کی طرف سے ایک انتہائی اہم اور بروقت اقدام ہے اور سنٹرل ڈپازٹری کمپنی کی طرف سے بہت اچھی طرح سے عمل میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی سی نے مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے ذریعے سرمایہ کاروں، ریگولیٹر اور مارکیٹ کے دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ایس ای سی پی اور کیپٹل مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کے اداروں کی جانب سے متعلقہ ریگولیٹری فریم ورک کے تعارف کے بعد پروفیشنل کلیئرنگ میمبر کا نیا نظام کامیابی سے لاگو کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سی ڈی سی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ اور پاکستان کویت انوسٹمنٹ کمپنی کے ذریعے ای کلیئر سروسز لمیٹڈ (ای ایس ایل)کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں سی ڈی سی مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک عالمی معیار کا اقدام ہے جس نے سرمایہ کاروں اور ریگولیٹرز کے سی ڈی سی پر اعتماد کو ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی سی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے متعارف کردہ روشن ڈیجیٹل اکانٹ کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی سی اور ایس ای سی پی درست سمت میں گامزن ہیں۔شوکت ترین نے کہا کہ جب 1997 میں سی ڈی سی قائم ہوئی تو وہ بورڈ کے ممبر تھے۔ ملک میں کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے سی ڈی سی کو ایک مضبوط ادارہ بنانا ایک بڑا چیلنج تھا۔ خدا کے فضل سے ہم کیپٹل مارکیٹ کی تبدیلی میں کامیاب ہو گئے۔