سوئس انڈور باسل ٹینس ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کے یوآن مارٹن اور ویلینشا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سپین کے ڈیوڈ فیرر نے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔
سوئٹزرلینڈ میں کھیلے جارہے ایونٹ میں ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیلپوترو کا مقابلہ پری کوارٹر فائنل میں امریکہ کے برائن بیکر کے ساتھ ہوا، ارجنٹائن کے کھلاڑی نے امریکی حریف کو سات پانچ اور چھ ایک سے شکست دے کر ایونٹ کے کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ پری کوارٹرفائنل راؤنڈ میں فرانسیسی کھلاڑی پال ہینری نے غیرمتوقع طور پر روسی کھلاڑی نیکولے ڈیویڈِنکو کو ہرادیا۔ فرنچ کھلاڑی نے ڈیویڈِنکو کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک میں شکست دی، ایونٹ میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے بھی آسٹریلین میرِنکو میٹسووِچ کو زیرکرکے سپرایٹ راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ ادھر ویلنشیا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سپین کے ڈیوڈ فیرر نے پری کوارٹرفائنل مقابلے میں ہموطن البرٹ راموس کو بآسانی شکست دے دی۔ سپرایٹ راؤنڈ میں ڈیوڈ فیرر ہموطن نکولس المیگرو سے مدمقابل ہوں گے۔ دوسری جانب دنیائے ٹینس کی ٹاپ آٹھ کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے ہونے والی ڈبلیو ٹی اے ویمن ٹینس چیمپئن شپ کے مقابلوں میں چین کی لی نا نے جرمنی کی انجلیک کربر کو چھ چار اور چھ تین سے بآسانی ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں پیدا کرلیں۔ بیلارس کی وکٹوریہ آذارِنکا کو امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سرینا ولیمز نے انہیں چھ چار اور چھ چار سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔