کل ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منائی جائے گی۔
پاکستان میں کل عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔ نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات کراچی میں باغ جناح، اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد، لاہور میں بادشاہی مسجد کے علاوہ پشاور، کوئٹہ اور فیصل آباد میں ہوں گے جبکہ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی مسلمان نماز عید ادا کریں گے۔اس موقع پرعلمائے کرام فلسفہ قربانی پر روشنی ڈالیں گے۔ نمازکے بعد ملک بھر میں قربانی کی جائے گی۔ عیدالاضحٰی پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئےملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کی بڑی مارکیٹوں میں تاجروں کی مدد سے خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے پولیس کوبائیس سے زیادہ اضافی گاڑیاں، سولہ اضافی موٹر سائیکل اورلفٹرز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ لاہور میں مسا جد اور اما م بارگاہوں کے باہر میٹل ڈیٹیکٹرز سے لیس پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ خصوصی ٹریفک پلان کے تحت اضافی وارڈن بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے مختلف مقامات پر چوکیاں قائم کرکےاسنیپ چیکنگ شروع کردی ہے۔ نماز عید اور اجتماعی قربان گاہوں کے باہر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کھالیں جمع کرنے والی فلاحی تنظیموں کے افراد کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرزبھی تعینات ہے۔