عیدالاضحٰی کے موقع پر پورے ملک کے بجائے صرف چند حساس شہروں میں صبح چھ سے دس بجے تک موبائل فون سروس بند رہےگی۔ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت نے دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظرملک کے چند شہروں میں عید کے روز صبح چھ بجے سے دس بجے تک موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پنجاب کے تین اورسندھ کے دوشہروں سمیت صوبہ بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے متعدد شہرشامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں دہشتگردی کا خطرہ ہوگا، وہاں موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وہ موبائل سروس کی معطلی پرعوام سے معذرت خواہ ہیں لیکن ملک اورعوام کی سیکیورٹی تمام چیزوں سے اہم ہے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ایف آئی اے پراعتماد کیا ہے، ان کا بھروسہ نہیں توڑیں گے، چوہدری نثار ہر مسئلے پر میرا نام لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصغر خان کیس کی تحقیقات کیلئے نون لیگ کے رہنماؤں میں اتفاق نہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ اپنے دور میں شہبازشریف ایف آئی اے پراعتماد کرتے تھے، آج کیوں اعتماد نہیں کرتے۔ نون لیگ میں چند ایسے لوگ بھی ہیں جوشریف برادران کا بوریا بستراگول کردینا چاہتے ہیں۔