آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 14 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک دشمن 14 دہشتگردوں کے موت کے پروانے پر دستخط کر دئیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ ان دہشت گردوں نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے مالم جبہ کے ہوٹل اور کئی تعلیمی اداروں کو تباہ کیا۔ سزا پانے والوں میں ریحان علی، ارشاد احمد، آفرین، احمد حسین، باچا رحمن شامل ہیں، دہشتگرد محمد مجید، محمد عاقل، سیف اللہ، محمد شیر علی، محمد طارق اور علی رحمن کی سزائے موت کی بھی توثیق کی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا، جنہوں نے مجسٹریٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا، موت کی سزا پانے والے دہشتگردوں کے علاوہ 8 دہشت گردوں کو مختلف سزائیں دینے کی بھی توثیق کی گئی۔