سعودی خواتین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ
ریاض : ڈی جی سعودی سیکورٹی کا کہنا ہے کہ سعودی خواتین نے عملی میدان کے بہت سے شعبوں میں اپنی کامیابی کو ثابت کیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی پبلک سیکورٹی کا تربیتی کورس مکمل کرنے والی خواتین کے دوسرے دستے کی گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب کا انعقاد پبلک سیکورٹی کے ڈائریکٹر جنرل خالد الحربی کی سرپرستی میں سعودی دارالحکومت میں پبلک سیکورٹی ٹریننگ سِٹی میں ہوا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جنرل الحربی نے دوسرے دستے میں فارغ التحصیل ہونے والی 178 خواتین اہل کاروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ الحربی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی خواتین نے عملی میدان کے بہت سے شعبوں میں اپنی کامیابی کو ثابت کیا ہے۔ انہوں نے پبلک سیکورٹی کے سیکٹر کی بھرپور سپورٹ پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کا شکریہ بھی ادا کیا۔