ہولوکاسٹ کاانکارجرم،گستاخانہ خاکوں کی اجازت،یورپ قوانین تبدیل کرے: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار کو جرم قرار دینے اور گستاخانہ خاکوں کی اجازت دینے جیسے مکروہ عمل کو منافقانہ قوانین قرار دیتے ہوئے ان کی تبدیلی پر زور دیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جب اظہار رائے کی آزادی کے لبادے میں ایسی مذموم کارروائیوں کی اجازت دی جائے تو انتہا پسند فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ زیادہ تر یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار جرم ہے اور پھر بھی توہین آمیز کارٹونوں کی عوامی نمائش کی اجازت دینے پر اصرار کیا جاتا ہے تو ایسے منافقانہ قوانین کو تبدیل کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس کو اپنی پالیسی میں تنہائی اور انتہا پسندی کے جال میں پھنسنے کی بجائے اپنی پوری آبادی کو متحد کرنے کے لئے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کسی بھی مذہب کے پرامن پیروکاروں کو تنہا کرنے کی بجائے انتہا پسند اور دہشت گرد عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے نپے تلے بیانات دینے چاہیے
وزیراعظم عمران خان کے بیان کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کی عمدہ ترجمانی ہے۔ ہم ان خیالات میں متحد ہیں۔ حضرت محمدﷺ کے بارے میں ہمارے جذبات کا احترام کرنا چاہئے۔ آج دنیا کو اشد ضرورت ہے کہ لوگوں کو متحد کیا جائے۔