کورونا وائرس : سعودی حکومت کا کرفیو سے متعلق اہم فیصلہ
سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے دوبارہ کرفیو لگانے کی کوئی درخواست نہیںکی گئی ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا کہ فی الوقت کورونا وائرس کے حوالے سے سعودی عرب کی صورتحال ایسی نہیں کہ اس سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات ناگزیر ہوں، مستقبل قریب میں بھی اس قسم کے اقدام کی کوئی توقع نہیں ہے۔ ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ مارکیٹیں کھولنے اور دفاتر میں حاضری کا فیصلہ کیا گیا تھا، مملکت کے ہر علاقے میں اس کی پابندی کی جارہی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز بڑھ رہے ہیں بلکہ کئی ملکوں میں تو پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔