پی ڈی ایم کا جھوٹا پروپیگنڈا اپنے انجام کو پہنچا، شہباز گل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا جھوٹا پروپیگنڈا اپنے انجام کو پہنچا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز جلسے کے بعد مسلم لیگ( ن) سمیت پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم)کا جھوٹا پروپیگنڈا اپنے انجام کو پہنچا۔پی ڈی ایم کے رہنمائوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام آپ کو اور آپ کے ملک دشمن بیانیے کو مسترد کر چکی اور عوام کا سودا کرنے والے جعلی لیڈر آج مسیحائی کے دعویدار بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں غیر متعلق قرار دئیے جانے کے بعد ان کا ملک دشمن بیانیہ زور پکڑتا جا رہا ہے اور معیشت کو دیوالیہ کرنے والی( ن) لیگ معیشت پر بھاشن بند کرے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو آپ کے جعلی وزیر خزانہ نے 8 ارب ڈالر خزانے سے نکال کر تباہ کیا اب تمام عوامی حقوق جن پر آپ طعنے کس رہی ہیں وہ عوام کو ملیں گے ،اوپر سب اچھا دکھانے کے لیے ڈالر کو مصنوعی طریقے سے اسٹیبل رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوام اور جمہوریت کے پاسدار ہم ہیں اور وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو ان کے حق کے لیے لڑنا سکھایا ہے۔