فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

پاکستان کے ایوان بالا 'سینیٹ' میں فرانس میں بنائے گئے گستاخانہ خاکوں کی متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی اور کہا گیا کہ حکومتی پشت پناہی سے اس طرح کے اقدامات اشتعال کا باعث بن رہے ہیں۔سینیٹ کے اجلاس کے آغاز پر قائد ایوان شہزاد وسیم نے قرار داد پیش کرنے کی اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں حالیہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پشت پناہی سے متعلق بیانات سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔سینیٹ کی قرارداد میں بتایا گیا کہ پاکستان کے عوام اور مجموعی طور پر مسلم دنیا کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اس طرح کے اقدامات پر شدید تشویش ہے جو مسلمانوں کو ردعمل کے لیے اشتعال دلاتے ہوں اور مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر شدید تشویش ہے.