ٹی20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کا 135 رنز کا ہدف , پاکستان کی جیت کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ شروع
ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا ہے۔شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ پھر شاندار پہلا اوور کرتے ہوئے کوئی رن نہ دیا تاہم اس کے بعد اوپنرز ڈیرل مچل اور مارٹن گپٹل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا 36 رنز کا آغاز فراہم کیا۔چھٹے اوور میں کپتان بابراعظم فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو باؤلنگ پر لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دوسری ہی گیند پر گپٹل کو بولڈ کردیا جنہوں نے 17 رنز بنائے۔میچ کے نویں اوور کی پہلی گیند پر مچل نے عماد کو چھکا مارا لیکن اگلی ہی گیند پر دوبارہ چھکا مارنے کی کوشش میں فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے، مچل نے 27 رنز بنائے۔رن ریٹ میں اضافے کے لیے نیوزی لینڈ نے جیمز نیشام کو اوپر کے نمبروں پر ترقی دی لیکن محمد حفیط نے اپنے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر انہیں چلتا کردیا۔شاداب کے ایک اوور میں ڈیون کونوے نے تین چوکے لگا کر اسکور کو 90 تک پہنچایا لیکن اگلے اوور کی پہلی گیند پر حسن کی ڈیریکٹ تھرو پر 25 رنز بنانے والے کیوی کپتان ولیمسن رن آؤٹ ہو گئے۔پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو تیزی سے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور حارث رؤف کو چھکا لگانے کی کوشش میں 27 رنز بنانے والے ڈیون کونوے باؤنڈری پر بابر کو کیچ دے بیٹھے۔ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ حارث رؤف نے ایک گیند بعد گلین فلپس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔