افغانستان میں امن کے لیے پاکستان اور ایران ایک پیج پر ہیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران میں منعقدہ افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے دوسرے اجلاس کے حوالے سے کہا کہ ہمسایہ ممالک کی جانب سے مستقل اور ایک منظم پیغام ضروری ہے۔تہران میں ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے منصب سنبھالنے کے بعد یہ ہماری تیسری ملاقات ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تینوں ملاقاتیں بڑی تعمیری اور سیر حاصل رہیں، افغانستان کے قریبی ہمسائیوں کے دوسرے اجلاس میں روسی وزیر خارجہ نے بھی ورچوئلی شرکت کی کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام سے خطے میں ان کا مفاد وابستہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایرانی ہم منصب کو افغانستان کی صورت حال سے متعلق اپنے تجزیے سے آگاہ کیا اور افغانستان کی قیادت سے 21 اکتوبر کو دورہ کابل کے موقع پر ہونے والی ملاقاتوں سے بھی انہیں آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے ہمارے مفادات مشترکہ ہیں، پوزیشن ایک دوسرے سے بہت قریب ہے، دونوں امن، استحکام اور خوش حالی چاہتے ہیں، دونوں کو احساس ہے کہ ہمیں کردار ادا کرنا ہے اور تاریخ ہمیں یاد رکھے گی کیونکہ افغانستان خطرنات دور سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے درست اقدامات کیے تو ہم ملک کو مستحکم کرنے میں مدد کرسکتے ہیں، اس طرح ہم نہ صرف ملک کو مستحکم کرنے میں مدد کرسکتے ہیں بلکہ خطے کو آگے بڑھنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خطے کی رابطہ کاری کے ذریعے معاشی استحکام کو بڑھا سکتے ہیں اور پورا خطہ خوش حال ہوسکتا ہے۔