پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے'سیکیورٹی خدشات' دور کردیے: شاہینوں کی نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار فتح
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بناسکی جس کے جواب میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ایک اوور پہلے ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پچھلے میچ کے برعکس بابراعظم اس بار صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور 11 رنز ہی بناسکے، محمد حفیظ بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔محمد رضوان بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم شعیب ملک نےذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور آخر میں آصف علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے گراؤنڈ میں چھکوں کی برسات کردی۔ شعیب ملک اور آصف علی 27،27 رنز پر ناقابل شکست رہے۔