یو اے ای کا قانون کی پابندی کرنے والے غیرملکیوں  کیلئے  خصوصی مراعات کا اعلان

Oct 26, 2024 | 11:20

دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارینرز افیئرز نے کہا ہے کہ دبئی میں مقیم غیرملکی اور ان کے اماراتی سپانسرز جنہوں نے گزشتہ 10 برسوں میں کسی رہائشی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی انہیں یکم نومبر سے خصوصی مراعات حاصل ہوں گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے  کے مطابق آئیڈیل فیس انشیٹیو امارات کے رہائشی قوانین پر عمل کرنے والوں کے لیے ہے۔اس کے فوائد میں آمر کال سینٹر سے رابطے کے وقت ترجیحی کال سروس، آئیڈیل فیس ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ، موبائل سروس وہیکل کے ذریعے بزرگ شہریوں کو ان کی رہائش پر خدمات شامل ہیں تاہم یہ مراعات صرف افراد پر لاگو ہوتی ہیں اداروں پر ان مراعات کا اطلاق نہیں ہو گا۔ ان مراعات کے لیے امارات کا شہری یا غیرملکی رہائشی کا دبئی میں کم از کم دس سال تک قیام ہو۔ ایک یا اس سے زیادہ افراد کا سپانسر ہونا چاہیے جو گزشتہ دس سال سے کسی بھی رہائشی خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوئے ہوں ،سپانسر کے حوالے سے رواں سال میں رہائشی خلاف ورزی کا کوئی ریکارڈ نہ ہو۔ اس اقدام کا مقصد معاشرے کے تمام افراد میں مثبت رویے کو فروغ دینا ہے جو دبئی کے رہائشی قوانین سے وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے کہا کہ سلامتی اور تحفظ امارات کے ایک پائیدار معاشرے کے وژن پر عملدرآمد کا بنیادی ستون ہے۔ آئیڈیل فیس ایسے افراد کو سامنے لاتا ہے جو قانون کی تعمیل کرتے ہیں اور امارات کے روشن چہرے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

مزیدخبریں