پنجاب حکومت کا زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی اشیا ء کے ٹرک بھیجنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر میرپور کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی اشیا کے ٹرک بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کو امدادی اشیا کے ٹرک میرپور روانہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زلزلہ متاثرین کیلئے فوڈ ہیمپرز اور خیموں پر مشتمل امدادی اشیا بھیج رہی ہے۔میں نے گذشتہ روز میر پور جا کر ہسپتال میں زخمی افراد کی عیادت کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سے بھی ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ،پنجاب حکومت زخمی افراد کے علاج معالجے میں بھی پوری معاونت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے زخمی افراد جن کا علاج میرپور میں ممکن نہیں، انہیں پنجاب منتقل کرکے بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا، زلزلہ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے صوبائی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئیں، زلزلہ متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے پنجاب حکومت کے وسائل حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی جلد بحالی کے کاموں میں مکمل ساتھ دیں گے۔مشکل کی گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔