پاکستان نے جے ایف 17 طیارے کو اوورہال کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی

پاکستان نے JF-17 طیارے کو اوورہال کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے ۔ اس یادگار موقع پر آج کامرہ میں ائیرکرافٹ ری بلڈ فیکٹری میں طیارے کو ری بلڈ کرنے کی تقریب ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ائیرسٹاف ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہاکہ JF-17 اوورہال کی سہولت ایک اہم کامیابی ہے جو دراصل ائیرکرافٹ ری بلڈ فیکٹری کے افسروں اور کارکنوں کی لگن اور سخت محنت کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ائیرفورس اپنے اہداف کے حصول کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے اوراس نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے خودانحصاری کے سفر میں چین کی ہوا بازی کی صنعت کے مسلسل تعاون کوسراہا ۔پہلے چار JF-17 طیارے میں سے دو طیاروں کو چین میں اوورہال کیاگیا تھا جبکہ باقی دو طیاروں کو ARF کامرہ میں اوورہال کیاگیا ہے ۔