39 سال میں ایک پرچہ میرے خلاف درج نہیں ہوا، محض ایک سال میں دہشت گرد بنا دیا گیا۔شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتہ برف پگھلی ہے یا نہیں، 39 سال میں ایک پرچہ میرے خلاف درج نہیں ہوا، محض ایک سال میں دہشت گرد بنا دیا گیا۔پی پی آئی کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پرعدالت پیش کیا گیا۔ کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ 1971 میں پاکستان کو ٹوٹتے دیکھا، آج اپنی آنکھوں سے ملک کو ڈوبتے دیکھ رہا ہوں۔ اس وطن میں 40 سال سیاست کی، 39 سال کے طویل عرصے کے دوران میرے خلاف ایک پرچہ درج نہیں ہوا مگر محض ایک سال میں کورٹ کچہری دیکھ لی، دہشت گرد تک بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت اور واحد حل ہیں۔ اگر شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہو گا، عوام کا موجودہ جمہوری نظام سے اعتبار اٹھ جائے گا۔