پیپلز پارٹی نے لیاری کے جلسے کیلئے قومی خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کیے:شہریار مہر

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہریار مہر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی اچھی نہیں ہے، لیاری کا جلسہ منعقد کر کے پیپلز پارٹی اپنی مقبولیت ظاہر کر رہی ہے، لیاری جلسے کیلئے قومی خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، جو عوام کے حق پر ڈاکہ ہے۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ لیاری کے جلسے میں لیاری سے تعلق رکھنے والے عوام شریک نہیں تھے۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کی جڑیں مضبوط ہیں، لیاری کے جلسے سے پیپلز پارٹی دوبارہ فعال ہو گئی ہے، جلسے میں لیاری کے عوام بڑی تعداد میں شریک تھے۔ سندھ کی علیحدگی کی بات کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا دو سال بعد چینلوں پر آ کر زبان درازی کر رہے ہیں، انہیں کہیں اور سے اشارہ ملتا ہے، ذوالفقار مرزا کا مستقبل ویسا ہی ہو گا جیسا اس سے پہلے اس جیسوں کا ہوا تھا۔