اپنے بچوں کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ آنے والی خاتون انصاف کی دہائی دیتی رہی

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جیمز جوزف نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار خاتون بشریٰ اختر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس کے چار بچوں مریم،ربیعہ،منان اور رحمن کو رشتہ داروں نے اغوا کر رکھا ہے۔ عدالت مغوی بچوں کو بازیاب کرانے کے احکامات صادر کرے۔ عدالت نے درخواست گزار خاتون کو ڈی پی او منڈی بہاوالدین سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹائی تو خاتون نے کمرہ عدالت سے نکلتے ہی اونچی آواز رونا شروع کر دیا۔ عدالتی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے انصاف کے لئے دہائی دینے والی خاتون کو حراست میں لے کر تھانہ پرانی انارکلی پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق احاطہ عدالت میں خوف و ہراس پھیلانے والی خاتون کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔