رانا ثناء اللہ خواجہ آصف کی نا اہلی پر سخت برہم ہو گئے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جسٹس اطہر من اللہ کو ذاتی طور پر جانتےہیں، جسٹس اطہر من اللہ جمہوریت کے حامی ہیں، ان کے فیصلے کو متنازع بنایا جا رہا ہے، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان صاحب نے پہلے کہا کہ بڑی وکٹ گرنے والی ہے اور اب یہ کہا جا رہا ہے کہ خواجہ آصف صاحب کا فیصلہ ہمیں پتا تھا، اس سے عدلیہ کا تشخص مجروح ہو رہا ہے، کل کے فیصلے کو جورنگ دیا جارہا ہے اس پر چیف جسٹس کو نوٹس لینا چاہیے، پی ٹی آئی یہ تاثر دے رہی ہے کہ عمران خان کو دو روز پہلے پتہ چل گیا تھا کہ ایک بہت بڑی وکٹ گر رہی ہے، اسکی تحقیقات ہونی چاہیے۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اگر تکنیکی بنیادوں پر سیاسی مخالفین کو آؤٹ کرنا چاہتی ہے تو پھر اس کا خدا ہی حافظ ہے۔ صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے سب سے بڑے گماشتے بنے ہوئے ہیں،، تحریک انصاف کے لوگ اپنے حلقوں میں یہ بات کرتے ہیں کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں، اس کا منصف پاکستان کو بھی نوٹس لینا چاہیے، رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کی صورتحال دیکھ کر بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کریں گے۔