حکومت نے سرکاری،فوجی ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کا اعلان
بجٹ تقریرکے دوران وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ یکم جولائی دوہزاراٹھارہ سے سول، فوجی ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس بھی دیا گیا ہے۔ جبکہ سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں بھی پچاس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کیلیے گھر، گاڑی،موٹرسائیکل خریدنے کیلیے ایڈوانس کی مد میں بارہ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سینئرآفیسرز پرفارمنس الاؤنس کیلیے پانچ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام پنشنرز کی پنشن میں دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پنشن کی کم سے کم حد چھ ہزارسے بڑھا کر دس ہزار روپے کر دی ہے۔ فیملی پنشن کوساڑھے چارہزارسے بڑھا کرساڑھے سات ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پچھہترسال سے زائد عمر کے پنشنرز کیلیے کم از کم پنشن پندرہ ہزار روپے مقررکی گئی ہے۔ اسٹاف، کار ڈرائیور، ڈسپیچ رائیڈرز کیلیے اوور ٹائم الاؤنس چالیس روپے سے بڑھا اسی روپے فی گھنٹہ کر دیا گیا ہے۔