چین میں گریجوایشن کرنے والے سعودی طلباء کی پاسنگ آئوٹ تقریب
چین میں سعودی عرب کے کلچرل اتاشی کے زیراہتمام چین کی جامعات میں مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی پاسنگ آئوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چینی کمپنیوں کی طرف سے فارغ التحصیل سعودی طلباء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے پاسنگ آئوٹ تقریب میں شرکت کرنے والے طلباء کی مہارتوں اور ان کی تعلیمی قابلیت جانچنے کے لیے ان کے انٹرویو کیے تاکہ انہیں چین میں مختلف شعبوں میں خدمات کا موقع فراہم کیا جاسکے۔
میڈیاکے مطابق بیجنگ میں منعقد ہونے والے طلباء کانووکیشن برائے سال 2019ء کے موقع پر چین میں سعودی عرب کے سفیر ترکی المالضی، ثقافتی اتاشری ڈاکٹر فہد بن ماجد الشریف، ثقافت امور کے ڈائریکٹر محمد الفوزان، چین کی ہواوے ٹیکنالوجی کمپنی کے مندوب، موگو اور کجئی دوسری فرموں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
بیجنگ میں سعودی سفارت خانے میں ہونے والی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد ہواوے اور موگو کمپنیوں کے نمائندوں، سعودی کلچرل اتاشی فہد الشریف اور سفیر ترکی الماضی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے موقع پر تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔