کانگو:پاکستانی امن دستوں کا کامیاب آپریشن، سیلاب میں گھرے ہزاروں افراد ریسکیو
راولپنڈی: کانگو میں پاکستانی امن مشن دستوں نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے سیلاب میں پھنسے دو ہزار افراد کو ریسکیو کر لیا ہے۔ اویریا کے علاقے میں شدید بارشوں کے باعث پچھتر ہزار افراد متاثر ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے کی گئیں ٹویٹس کے مطابق پاک فوج اقوام متحدہ امن مشنز کے تحت غیرممالک میں امدادی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہے۔ کانگو میں پاکستانی امن دستوں نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سیلاب میں گھرے ہزاروں افراد کی جانیں بچا لیں۔ افریقی ملک کے دور افتادہ علاقوں میں پھنسے دو ہزار افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ کانگو میں ایک ہفتے سے جاری شدید بارشوں کے بعدآنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی جس سے ہزاروں مکانات تباہ جبکہ 75 ہزار سے زائد افراد شدید متاثر ہوئے۔