چینی سوشل میڈیا کمپنی ٹک ٹاک کے سی ای او کیون مائر عہدے سے مستعفی
چینی سوشل میڈیا وڈیو شیئرنگ کمپنی ٹک ٹاک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیون مائر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے،اس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کمپنی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی کا عندیہہے، انھیں دوماہ قبل ہی اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔وائس آف امریکا کے مطابق کیون مائر نے دوماہ قبل ہی ڈزنی لینڈ کے اعلیٰ عہدے سے مستعفی ہوکر ٹک ٹاک کی قیادت سنبھالی تھی،وہ امریکی صدر کی ادارے پر تنقید، اس کی سرگرمیوں کو ملکی سلامتی کے لیے خطرناک قرار دینے اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو تین ماہ میں ختم کرنے بصورت دیگر پابندی کی دھمکی پر اس کی قیادت سے بھی مستعفی ہوگئے۔کیون مائر نے ملازمین کے نام اپنے ایک خط میں کہاکہ حالیہ ہفتوں میں سیاسی ماحول جس تیزی سے تبدیل ہوا ہے اس پر میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ کاروباری ساخت میں کس طرح کی تبدیلیوں کی ضرورت ہوگی اور اس عالمی کردار کے کیا معنی ہیں جس کے لیے میں نے دستخط کیے ہیں، اس لیے میں نے کمپنی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ادھر کمپنی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارہ کیون مائر کے کردار کو مزید آگے بڑھائے گا اور ہم ان کے ساتھ گزرے اچھے وقت کے لیے ان کے مشکور ہیں۔