نیٹوسپلائی مفت میں بحال نہیں کریں گے،عوام کو اگلے ماہ لوڈ شیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔ وزیردفاع احمد مختار
سکھرایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیردفاع چوہدری احمد مختار کا کہنا تھا کہ نیٹو کو سپلائی پر سٹینڈ لیا ہے اور سے مفت میں بحال نہیں کیا جائے گااور اس سے حاصل ہونے والے کرائے سے سڑکوں کی مرمت کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، امریکہ اگر تحادی ہے تو اسے بھی ہمارے مفادات کا خیال رکھنا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو امریکہ کے جانے کے بعد بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ امریکہ کے لئے نامزد پاکستانی سفیر شیری رحمان نے کہا کہ منتخب حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور ہم جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچا کر بے نظیر بھٹو کا مشن پوراکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کے تعلقات چاہتے ہیں اور ملکی وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وہ آئندہ ماہ امریکہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیرپانی و بجلی سید نوید قمر نے کہا کہ واپڈا کی نجکاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں جبکہ جنوری میں متبادل ذرائع سے بجلی کی کمی پوری کرلی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا تاہم آئندہ ماہ صورتحال بہتر ہوجائے گی۔ سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ واپڈا کی نجکاری نہیں ہورہی بلکہ پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے نقصان کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔