آئین سےانحراف کی صورت میں اداروں کے تصادم کا خطرہ ہے،اچھا ہوا کمزور دل والے پارٹی چھوڑ گئے ۔ وزیراعظم گیلانی
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی قبر پر پرحاضری اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پارلیمنٹ کی بالادستی کا احترام کرنا چاہیئے۔ آئین سے انحراف کی صورت میں تصادم کا خطرہ ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب کنگ پارٹی بنتی ہے تو کنگ کے ساتھ ہی دفن ہوجاتی ہے۔ پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جبکہ دوسری پارٹیوں میں جانے والے موقع پرست ہیں۔ اچھا ہوا کمزور دل والے پارٹی چھوڑ گئے ورنہ انتخابات میں ہمیں ہی نقصان پہنچاتے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بے نظیر قتل کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں،ضرورت پڑی تو کچھ حصہ عوام کے سامنے لائیں گے۔