بلاول بھٹو زرداری آج باضابطہ طور پر گڑھی خدابخش سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کررہے ہیں. وہ آج اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور دو مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم رہنے والی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور پاکستان کے موجودہ صدر آصف علی زرداری کے اکلوتے بیٹے،، بلاول ،، اکیس ستمبرانیس سو اٹھاسی کو کراچی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کراچی کے نجی اسکول سے حاصل کی جبکہ لاہوراور اسلام آباد میں بھی زیرتعلیم رہے ۔ انیس سو ننانوے میں اپنی والدہ کے ہمراہ اس وقت جلاوطنی اختیار کی جب انکے والد آصف علی زرداری جیل میں تھے ، انیس سو چھیانوے سے دوہزار چار تک اپنے والد کی قید کے دوران کم عمر بلاول ،،شفقت پدری سے محروم رہے تاہم والد کی غیر موجودگی میں بھی ان کی والدہ بے نظیر بھٹو نے ان کی،، بے نظیر،، تربیت کی۔ محترمہ بے نظیربھٹو کے کہنے پربرطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا، ماڈرن ہسٹری اور برٹش ہسٹری میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی وہ دوہزاردس تک آکسفورڈ میں زیر تعلیم رہے۔ بلاول بھٹو زرداری آکسفورڈ ڈیبیٹنگ کلب کے رکن بھی رہے، اپنی والدہ اور نانا کی طرح بہترین مقرر بھی ہیں ۔ یہی نہیں بلاول،، تائی کوانڈو،، کے بہترین کھلاڑی اور بلیک بیلٹ کے حامل بھی ہیں۔ بلاول پر ان کے مخالفین کے دو الزام ہیں، ایک یہ کہ انہیں اردو زبان نہیں آتی جبکہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں دوران تعلیم بلاول کی سیکیوریٹی پر سرکاری خزانے سے دس لاکھ پاؤنڈ سالانہ خرچ کیا جاتا رہا تاہم پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بلاول کو ملک اور عوام سے شدید محبت ہے اسی لئے وہ اردو اور سندھی زبان کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔ دسمبر دوہزار سات میں اپنی والدہ کی شہادت کے بعد بلاول اپنی دونوں بہنوں کے ہمراہ پاکستان آئے اور والدہ کی آخری رسومات میں شدت غم اور ٹوٹے ہوئے دل کے ساتھ شرکت کی،، انہیں تیس دسمبردوہزارسات کو پاکستان پیپلزپارٹی نے متفقہ طور پر اپنا چیئرمین مقرر کیا اور انکے والد آصف علی زرداری نے انکا نام بلاول بھٹو زرداری رکھ دیا۔ سیاسی میدان میں نئے عزم کے ساتھ آمد کے موقع پربلاول بھٹوزرداری آج نوڈیرو میں اپنے ویژن کا اعلان کرینگے،، دو ماہ بعد وہ ملک کے کسی بھی حصے سے انتخابات لڑسکیں گے تاہم اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ اپنی والدہ ، نانا اور نانی کی طرح اپنے آبائی علاقے نوڈیرو کی نشست سے ہی انتخاب لڑینگے۔