گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کی گورنرشپ کوتیرہ سال مکمل ہو گئے
انیس سو نوے کی سندھ کابینہ کے وزیرہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ڈاکٹرعشرت العباد خان انیس سو بانوے کے کراچی آپریشن کے بعد لندن چلے گئے اور دس سال بعد گورنر سندھ نامزد ہونے کے بعد وطن واپس لوٹے۔ ڈاکٹرعشرت العباد نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ستائیس دسمبر دو ہزار دو کو کم عمر ترین گورنر سندھ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا۔ ان کی تیرہ سالہ گورنرشپ استعفوں کے حساب سے چارحصوں میں تقسیم ہے۔ پہلا دورنوبرس پرمحیط ہے۔ عشرت العباد نے نو جون دو ہزار گیارہ کو پہلی بار عہدے سے استعفٰی دیا تاہم انیس جولائی کو استعفٰی واپس لے لیا۔ فروری دو ہزار تیرہ میں گورنر سندھ دبئی گئے اور اٹھائیس فروری کو استعفٰی صدر مملکت کو فیکس کردیا تاہم معاملات حل ہونے کے بعد دوبارہ عہدہ سنبھال لیا۔ ڈاکٹرعشرت العباد کی گورنرشپ کے دوران ان کا تیسرا استعفی سترہ ستمبردوہزارتیرہ کو آیا اور انہوں نے ایک بار پھر استعفٰی واپس لے لیا۔ اسی طرح گورنرسندھ نے آخری بار پچیس ستمبر دو ہزار چودہ کو استعفیٰ دیا۔مگرکچھ دنوں بعد ہی واپس لے لیا۔ گورنرسندھ عشرت العباد کوپاکستان میں سب سے زیادہ عرصہ گورنررہنے کا اعزاز حاصل ہے۔