نواز شریف سے اہلخانہ کی ملاقات آج کروائی جائے گی
سابق وزیر اعظم نواز شریف سے اہلخانہ کی جیل میں ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مختص کر دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے اُن کے اہلخانہ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے بھی ملاقات کروائی جائے گی اور ملاقات کا وقت جمعرات کے روز دوپہر ایک بجے سے ڈھائی بجے تک کا رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کیلئے آنے والوں کو نواز شریف سے پوچھ کر ہی ملاقات کی اجازت دی جائے گی اور ملاقات جیل کے بی شیڈ میں کرائی جائے گی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر نواز شریف کو دو روز قبل 24 دسمبر کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ میں بری کردیا گیا نواز شریف کو سزا سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا جانا تھا تاہم نواز شریف کی جانب سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کرنے کی درخواست کی گئی جسے احتساب عدالت نے منظور کرتے ہوئے نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔ نواز شریف کو ایک رات اڈیالہ جیل رکھنے کے بعد گذشتہ صبح خصوصی طیارے کے ذریعے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔ جہاں اُن کے بھائی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف پہلے سے قید ہیں۔