پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں شدید اور ہلکی دھند کا سلسلہ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں صبح اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر شدید اور ہلکی دھند کا سلسلہ جاری جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ شمالی علاقہ جات میں سردی کی شدت برقرار رہے گی اور بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا بھی امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بعض میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑی اور ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد جبکہ دیگر علاقوں میں سرد اور خشک رہا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس (این ایچ اینڈ ایم پی) نے موسم کی صورتحال کے تناظر میں مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں جبکہ دوران سفر فوگ لائیٹس کا استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ جمعرات کی صبح شدید دھند کے باعث موٹرویز کو کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ موٹر وے پولیس کے حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں تاکہ ان کی بروقت مدد کی جا سکے۔